اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مزید دو ممالک بھی سعودی عرب کی طرز پر دفاعی معاہدے کرنے والے ہیں۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت اہم پیش رفت ہے اور اس کے وقت کی بھی اپنی بڑی اہمیت ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ دوحہ میں اجلاس کے فوراً بعد سامنے آیا، جس سے اس کی ٹائمنگ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں حامد میر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بحالی میں چین نے بنیادی کردار ادا کیا جبکہ پاکستان نے بھی اس عمل میں اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صدرِ مملکت چین میں جبکہ وزیراعظم سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جس سے خطے میں نئی سفارتی اور معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو رہا ہے۔انہوں نے عندیہ دیا کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں کا اعلان کرے گا اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے عملی اقدامات بھی سامنے آئیں گے۔