لندن /اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر راہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان نے لندن میں سابق وزیر اعظم اور (ن) لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے ۔میڈیا رپورٹس اور (ن) لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں نواز شریف نے علیم خان کو مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات 3 گھنٹے سے
زائد جاری رہی اور دونوں نے کھانا بھی اکٹھے کھایا ۔ ملاقات کے دوران سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے حسین نواز بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ساتھ ساتھ پنجاب کی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اس ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا تھا اور آئندہ روز میں جہانگیر ترین اور علیم خان کی نواز شریف سے اکٹھے ملاقات بھی متوقع ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی مستقبل کے حوالے سے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ علیم خان نے تین سالوں کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور انتقامی کارروائیوں بارے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب کی گورننس تباہ ہو چکی ہے ۔ میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں کرپشن عروج پر ہے ایسے میں پنجاب میں تبدیلی ناگزیر ہے جس پر نواز شریف نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر پنجاب اور مرکز دونوں سے سیاسی گند صاف کریں گے ذرائع نے بتایا کہ ترین گروپ آئندہ چند دنوں میں بڑا فیصلہ کر سکتا ہے ۔ علیم خان نے لندن روانگی سے پہلے شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی ۔ #/s#