اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )حکومت نے وفاقی دارالحکومت کی حدود میں 3 روز تک تمام سرکاری ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں شیڈول او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے باعث حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں 3 روز تک عام تعطیل کا اعلان کردیا۔کابینہ ڈویژن نے 22 مارچ اور 24 مارچ کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے،
جس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے حدود میں 22 اور 24 مارچ کو تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے، جب کہ 23 مارچ کو ملک بھر میں یوم پاکستان کی عام تعطیل ہوگی۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے او آئی سی کے رکن ممالک کے رہائشی مشنز کے سربراہان سے ملاقات کی جس میں 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔سیکرٹری خارجہ نے 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے،تمام وفود کے سربراہان کو 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ او آئی سی کا 48 واں اجلاس اسلامی یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے فعال کردار کی تصدیق کرے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ سیکریٹری خارجہ نے رکن ممالک اور افغانستان کے بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے ٹرسٹ فنڈ کے لیے ٹھوس وعدوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔