پشاور (اے ایف پی) پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور کی مسجد پر خودکش حملہ کرنے والا دہشتگرد افغان پناہ گزین تھا جو حملے کی تربیت لینے واپس افغانستان چلا گیا تھا، اس حملے میں 64افراد شہید ہوگئے تھے۔
پاکستانی پولیس کے دو سینئر حکام نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ پشاور کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی تیاری افغانستان میں ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ حملہ آور افغان شہری تھا جس کی عمر 30 برس سے زائد تھی اور وہ کئی دہائیوں قبل اپنے خاندان کیساتھ پاکستان منتقل ہوگیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ خودکش بمبار افغانستان گیا جہاں اس نے تربیت حاصل کی اور اپنے اہلخانہ کو بتائے بغیر واپس آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ داعش خراسان ہمارے لئے بڑا خطرہ بن رہی ہے، یہ لوگ افغانستان سے آپریٹ ہورہے ہیں تاہم پاکستان میں ان کے سلیپر سیلز موجود ہیں۔ طالبان نے اس حوالے سے فوری طور پر رد عمل دینے سے گریز کیا ہے