لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام نے مختلف مراکز کے باہر مستحق اور غریب خواتین کی لمبی قطاریں لگوا دیں۔ ان قطاروں میں موجود خواتین 12 ہزار روپے کی رقوم حاصل کرنے کیلئے گزشتہ 3 روز سے اپنے شیرخوار بچوں کے ہمراہ قطاروں میں کھڑی رہتی ہیں۔ لیکن احساس پروگرام کی مد میں 12 ہزار روپے حاصل کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکیں
۔ جس پر لمبی قطاروں میں کھڑی ہونے والی خواتین نے وزیراعظم پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام تر مجبوریوں کے باوجود روزانہ صبح 5 بجے قطاروں میں کھڑی ہو جاتی ہیں لیکن دفتری اوقات کار ختم ہوتے ہی دفاتر کے دروازے بند کردئیے جاتے ہیں اور ان کی باری نہیں آتی۔ واضح رہے کہ اس قسم کی لمبی قطاریں ٹائون شپ بلاک 13 ہائی سکول میں روزانہ کی بنیاد پر دیکھنے میں آرہی ہیں۔