پشاور(آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چند روز میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کر رہے ہیں ،تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی ناکام نہیں لوٹیں گے،حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی۔ مولانا فضل الرحمان نے
میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ ہماری کوششوں کے نتیجے میں حکمران آج تنہا ہو چکے ہیں، چند روز میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کر رہے ہیں کیونکہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب حکمرانی کا کوئی حق نہیں اور ہماری کوششوں کے نتیجے میں حکمران آج تنہا ہو چکے ہیں۔ حکمران قوم کے پیسے سے اپنے ممبران کو ملک سے باہر بھیج رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئی بھی اقدام حکومت کو بچا نہیں سکتے جبکہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں اور عدم اعتماد کے لیے بھی ہم تیار ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی ناکام نہیں لوٹیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک سے بھاگنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، پشاور واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ بہت افسوسناک ہے، ریاست اور ادارے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئے۔