کیف ٗ جینیوا (این این آئی) یوکرین کا کہنا ہے کہ روسی کے ساتھ جنگ میں اب تک 5700 روسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کیف میں ٹی وی ٹاورپرروسی حملے میں5 افراد ہلاک ہوگئے۔یوکرین کی وزارت دفاع کے مطابق روسی افواج کی یوکرین کے دوسرے بڑے شہرخارکیف میں کروز میزائل حملے میں 10 شہری ہلاک ہوگئے۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین پرحملے کے بعد سے اب تک 5700 روسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دارالحکومت کیف میں روسی فوج کے ٹی وی ٹاور پرحملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین پرروس کے حملے میں اب تک14 بچوں سمیت 140 افراد ہلاک اور400 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔روس کی وزارت دفاع نے کیف کے شہریوں سے شہرچھوڑنے کا کہا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے روس کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے ورچوئل خطاب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کیا اقوام متحدہ کے ایک ایسے رکن ملک کو کونسل کا ممبر رہنا چاہیئے جو کسی دوسرے رکن ملک پر نہ صرف قبضہ کرنے کی کوشش کرتا ہے بلکہ انسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزیاں کا مرتکب بھی ہوتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے روس کے یوکرین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں اور اسکولوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔ یوکرین میں روس کے جرائم میں ہر گھنٹے اضافہ ہو رہا ہے۔وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوکرین کی اس مطالبے کی بھی حمایت کی کہ روس کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی تحقیقات ہونی چاہیئے اور روس کو یوکرین حملے کے خلاف اپنے ملک میں ہونے والے احتجاج کو طاقت سے کچلنے پر بھی جوابدہ بنانا چاہئے۔