ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کا شیڈول تبدیل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز روس کے دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے جہاں ان کا سرخ قالین استقبال کیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کی آج روسی صدر ولادیمیر سے ون آن ون ملاقات طے ہے۔
تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی روسی صدر سے ملاقات کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے اور ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بڑھا کر 3 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دوپہر کے کھانے پر بھی ملاقات کریں گے جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک روس تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا۔دوسری جانب یوکرین میں پاکستان کے سابق سفیر اطہر عباس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کا وقت درست نہیں ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) اطہر عباس نے کہا کہ یہ دورہ پہلے سے طے تھا مگر اُس کے بعد حالات میں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خدشہ یہ ہے کہ اس دورے سے مغربی ملکوں میں بہت زیادہ منفی پیغام اور سگنل نہ جانا شروع ہو جائیں۔