اسلا م آباد(آن لائن)جمہوریت کیلئے قربانیوں کی داستان رقم کرنے والے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسرار شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی سے خطاب
کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام عمر جمہوریت اور قانون کی بالادستی کیلئے قربانیاں دیں لیکن وزیراعظم عمران خان صحافت کا گلا دبانے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں اور انکا طرزِ سیاست کسی طرح بھی سیاسی اور جمہوریت نہیں ہے بلکہ اقتدار میں آنے کے بعد رفتہ رفتہ انکے اندر چھپے ہوئے آمر نے ظاہر ہونے شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں محسن جمیل بیگ کو طویل عرصہ سے جانتا ہوں اور انکی صحافتی اور جمہوری خدمات کی قدر کرتا ہوں۔اسرار شاہ نے کہا کہ بدھ کی صبح انکی رہائش گاہ پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کو دھاوا بولنا اور محسن جمیل بیگ کو زبردستی اغواء کرنے کی کوشش کرنا ریاستی جبر اور تشدد کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے محسن جمیل بیگ کے تمام احسانات فراموش کرکے گھٹیا حرکت کی اور میں اس ریاستی ظلم اور بربریت کیخلاف پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔