کراچی(مانیٹرنگ، این این آئی)کراچی میں اکیلے شہری نے 8 مسلح ڈاکوؤں کی واردات ناکام بنا دی۔شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلشن حدید فیز 2 میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ناکام بنا دی۔نجی ٹی وی کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے میں ملزمان کو دیکھتے ہی شہری نے گھر میں پوزیشن سنبھال کر ان پر فائرنگ شروع کر دی۔فوٹیج کے مطابق ملزمان جیسے ہی بنگلے میں داخل ہوئے،
مذکورہ شہری نے فلمی انداز میں ان پر فائرنگ شروع کر دی،اس موقع پر ملزمان کا ٹولہ اکیلے شہری پر فائرنگ کرتے ہوئے باہر آ گیا۔شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا، باقی ساتھیوں نے وہاں اسے چھوڑ کر فرار ہونے میں ہی عافیت سمجھی، شہری کی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو کو گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، اور دیگر ساتھی اسے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافر خاندان کے سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری کرلیا گیا، پولیس نے وری کاروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز نامی مسافر 12 فروری کو اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی سے نجی ایئر لائن کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئیں۔انہوں نے کراچی ایئرپورٹ سے اپنا بک کرایا گیا سامان لاہور ایئرپورٹ پر پہنچ کر وصول کرلیا اور مقامی ہوٹل پہنچی۔ مذکورہ خاندان نے ہوٹل جاکر اپنا سامان چیک کیا تو ہیرے کا سیٹ اور 19 لاکھ مالیت کے دیگر زیورات بیگ سے غائب تھے۔خاتون نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگالیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ رائل ایئرپورٹ سروس کے 3 ملازمین آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر چوری کی واردات میں ملوث نکلے۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیش کی گئی، دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سے19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ یہ زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے تھے، واردات جہاز میں اس لیے
کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں۔کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک واردات کے دوران شہریوں نے 2 ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، بعد میں پولیس نے ملزمان کو حفاظت میں لے کر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کورنگی فیصل بشیر میمن کے مطابق کورنگی نمبر ڈھائی میں چنیوٹ اسپتال کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان کو علاقہ مکینوں نے پکڑ لیا۔پکڑے گئے ملزمان کو عوام
کے ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے دونوں زخمی ملزمان کی ہجوم سے جان بچاتے ہوئے انہیں حراست میں لے کر جناح اسپتال منتقل کر دیا۔فیصل بشیر میمن کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق سندھ کے علاقے کشمور سے ہے جو چنیوٹ اسپتال کے قریب بس اسٹاپ پر شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ علاقہ مکینوں کی مدد سے پکڑے گئے۔شہریوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔