واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستانی نژاد امریکی سفارت کار دلاور سید کو تجارتی اور کاروباری امور کے لیے نمائندہ خصوصی بنانیکا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے
نے محکمہ خارجہ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دلاور سید امریکی کاروباری امور میں ایک نئی اور مضبوط سوچ لائیں گے۔ اِس موقع پر دلاور سید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امریکا کی نمائندگی کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں دلاور سید نے کہا کہ 30 سال قبل جب وہ امریکا میں ایک طالب علم کی حیثیت سے آئے تھے تو سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں امریکا کی سفارت کاری کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔دلاور سید کا کہنا تھا کہ ایسا ہونا صرف امریکا میں ہی ممکن ہے، اگر آپ اپنے مقاصد پر قائم رہیں تو کوئی بھی چیز ناقابل تسخیر نہیں ہے۔