لاہور( این این آئی )پنجاب کی کابینہ میں 4 سے 5نئے وزرا ء کو شامل کیا جائے گا ، اراکین اسمبلی کی شکایات دور کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ میں توسیع کے معاملے پر نئے وزارا ء کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اور متحرک اراکین اسمبلی کو نمائندگی دی جائے گی۔آئینی طور پر پنجاب کابینہ میں وزرا کی تعداد 41 ہوسکتی ہے، اس وقت کابینہ میں 37 وزرا شامل ہیں جبکہ آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 6 کے تحت اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد کے 11 فیصد سے زائد وزرا ء نہیں ہوسکتے۔ ذرائع کے مطابق وزرا ء ناراض پی ٹی آئی دھڑوں اوراتحادیوں سے لئے جائیں گے ۔ اسی طرح اراکین اسمبلی کی شکایات دور کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ،حکومتی اراکین اسمبلی کومزیدترقیاتی فنڈزدئیے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلی کو اپوزیشن اراکین اسمبلی سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کی ہے اسی طرح اپوزیشن اراکین اسمبلی کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔