اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ پروگرام سرعام کی ٹیم کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس پر فوری اقدامات کیے گئے،واقعہ کی جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں،واقعہ کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت فرخ حبیب نے چیئرمین فیصل جاوید کی زیر صدارت منعقدہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں کیا۔انہوں نے کہاکہ پیمرا کے قوانین میں بھی بہتری آنی چاہیے۔اس موقع چئیرمین
کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ سندھ کے علاوہ پورے پاکستان میں صحت کارڈ کا اجراء جاری ہے، گزشتہ اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت صحت کارڈ کا اجراء چاہتی ہے، ان کی یقین دہانی کے باوجود ابھی تک سندھ میں صحت کارڈ کا اجرا نہیں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ ہمارے ذیادہ تر فنکار کراچی میں رہتے ہیں ان کے لیے سرکاری علاج کی کوئی سہولت موجود نہیں،اگر حکومت سندھ صحت کارڈ کا اجراء کردے تو فنکاروں کو بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔