ممبئی(این این آئی)بھارت کے شہر ممبئی کے مشہور انڈر ورلڈ گینگز کی سرکوبی کے لئے بھارت کی اسپیشل فورس نے کوششوں کا آغاز کردیا،بھارتی میڈیا کے مطابق منی لانڈرنگ کا کاروبار سب سے زیادہ انڈر ورلڈ گینگز کرتے ہیں جس کو روکنے کے لئے ماضی میں بھی
کوششیں کی گئیں مگر سب تدبیریں ناکام ہوئیں۔ماضی کی حکومتیں اور بھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے ان انڈر ورلڈ گینگز کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے۔مودی سرکار نے برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی کی ان طاقتور قوتوں کے خلاف کاروائی کا ارادہ کیا اس کے لئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ممبئی میں انڈرورلڈ گینگ سے جڑے لوگوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔ بھارتی میڈیا کے ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں درج ہوئے منی لانڈرنگ کے معاملے میں یہ تلاشی کی جارہی ہے، لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کاروائیوں سے قبل ہی انڈر ورلڈ گینگز نے اپنے ٹھکانوں سے پہلے ہی راہ فرار اختیار کر لی۔ذرائع نے بتایا کہ ممبئی میں منی لانڈرنگ معاملے میں انڈرورلڈ سے جڑے لوگوں سے متعلقہ کئی ٹھکانوں پر ای ڈی تلاشی کر رہی ہے۔ کچھ انڈر ورلڈ بھگوڑے اور لیڈران بھی جانچ کے دائرے میں ہیں۔