کراچی(این این آئی)گورنراسٹیٹ بینک رضا باقرنے کہاہے کہ آج ان لوگوں کو قرض دیا جارہا ہے جنہیں بینک میں گھسنے بھی نہیں دیا جاتا تھا، ہر سال ای بینکنگ ٹرانزیکشن 30 فیصد سے بڑھ رہی ہیں ۔اسلام آباد میں ڈیجیٹل پے منٹ موبائل ایپلی کیشن راست کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بتایا کہ راست پروگرام کے چار خصوصی نقاط ہیں،
یہ فوری ادائیگی کا نظام ہے۔ راست ڈیجیٹل ادائیگی میں انقلاب لائے گا، موبائل فون نمبر کے ذریعے فوری ادائیگی کی جا سکے گی،ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم راست مکمل طور پر مفت سہولت ہے۔انہوں نے کہا کہ راست ایپ انٹر نیٹ بینکنگ کے چینلزپرموجود ہے۔راست ایپ کوکسی بھی بینک اکائونٹ کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں جبکہ اس ایپ کو استعمال کرنے والے موبائل ایپ پراکائونٹس میں رقوم بھیج سکیں گے اوروصول کرسکیں گے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ راست ڈیجیٹل ادائیگی میں انقلاب برپاکرے گا، اس ایم کا مقصد عام آدمی کیلئے بینکاری میں آسانیاں پیداکرنا ہے کیوںکہ راست فوری ادائیگی کانظام ہے، راست کانظام مفت ہے اس کے کوئی چارجزنہیں ہے۔رضا باقر نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت بینکوں نے 131 ارب کی منظوری دی ہے، آج ہم انہیں قرضے دے رہے ہیں جنہیں بینک میں گھسنے نہیں دیا جاتا تھا، بینک اب عام شہریوں کوقرض فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بینکنگ نظام میں امیرکوہرطرح کی سہولت ملتی ہے جبکہ بینکاری میں غریب کومشکلات پیش آتی ہیں۔گورنراسٹیٹ بینک نے کہاکہ وزیراعظم نے ہمیشہ بینکنگ نظام بہترکرنے کی ہدایت کی ہے انکا وژن ہے بینکاری کا نظام ہر طبقے کر میسرہوانہوں نے کہا کہ ملک کا جی ڈی پی 370 ارب ڈالر ہے، پچھلے مالی سال 500 ارب ڈالر کی ای بینکنگ ٹرانزیکشنز ہوئیں، جبکہ ہر سال بینکنگ ٹرانزیکشن 30 فیصد سے بڑھ رہی ہیں۔