اسلام آباد (آن لائن)مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے وفاقی وزیر فرخ حبیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ادویات 500 سے 700فیصد مہنگی کردی ہیں۔ ہیلتھ کارڈ کے
ذریعے انشورنس کمپنیوں اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو پیسہ دیا جا رہا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ سندھ کی طرح پنجاب اور کے پی کے ہسپتالوں پر بھی توجہ دے۔ سندھ میں امراض قلب کا بہترین اور مفت علاج این آئی سی وی ڈی میں ہوتا ہے، سندھ میں جگر اور گردوں کا مفت ٹرانسپلانٹ اور دل کے امراض کی مفت سرجری ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہیلتھ کارڈ پر دل کا مفت بائی پاس ہو سکتا ہے؟ اور کیا ہیلتھ کارڈ پر جگر کاٹرانسپلانٹ پنجاب یا کے پی میں مفت ہو سکتا ہے؟ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی میں سرکاری ہسپتالوں کو کھنڈر بنا دیا اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پرائیویٹ ہسپتالوں کو پیسے دئیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی ادویات کی وجہ سے لوگ آج لائف سیونگ ادویات لینے کے قابل بھی نہیں۔ اور تو اور ہیلتھ کارڈ سے کوئی شوگر اور دل کے امراض کی ادویات بھی خرید نہیں سکتا۔