لاہور(مانیٹرنگ، آن لائن) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رحمان اللہ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، رحمان اللہ نے 19 رنز بنائے اور وہ نسیم شاہ کا شکار بنے۔ الیکس ہیلز نے 38 گیندوں پر 62 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے وہ رن آئوٹ ہوئے۔ شاداب خان نے 12 رنز بنائے اور شاہد آفریدی کی گیند پر احسن علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔
محمد اخلاق کوئی رنز نہ بنا سکے انہیں شاہد آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، اعظم خان بھی بغیر کوئی رنز بنائے رن آئوٹ ہو گئے۔ آصف علی نور احمد کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے انہوں نے 6 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 28 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے اور وہ فالکنر کی گیند پر نور احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، لیام نے 13 رنز بنائے انہیں فالکنر نے آئوٹ کیا۔ محمد وسیم نے بارہ رنز بنائے اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آئوٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیمز فالکنر اور شاہد آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نسیم شاہ اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ مقررہ بیس اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور 200 کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور احسن علی نے کیا، احسن علی نے 30 رنز بنائے اور وہ ڈاسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ جیسن رائے نے 54 رنز بنائے اور وہ شاداب خان کا شکار بنے۔ جیمز وینس نے 29 رنز بنائے انہیں بھی شاداب نے آئوٹ کیا۔ افتخار احمد نے 4 رنز بنائے اور وہ شاداب خان کی گیند پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے 8 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور محمد وسیم کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔
سرفراز احمد نے 32 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد وسیم اور لیام ڈاسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، اس طرح 19.4 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف پورا کر لیا اور اس کے پانچ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔