اسلام آباد(مانیٹرمگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ارباب شہزادکا کہناتھاکہ وہ شاہ محمود قریشی سے اتفاق نہیں کرتے اگر شاہ محمود ناراض ہیں تو یہ ان کا حق ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ڈیٹا کی بنیاد پر ایک طریقہ کار کے تحت وزارتوں کی درجہ بندی
کی گئی۔ اس سوال پر کہ کیا آپ نے اس بات پر مہر تصدیق ثبت نہیں کیا کہ وزارت خارجہ کی کارکردگی اورشاہ محمودکی کارکردگی صفر ہے؟۔جس پر ارباب شہزاد نے کہاکہ بالکل نہیں میرے خیال میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔شاہ محمود کا ناراض ہونا ایک فطری عمل ہے ۔اگر وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ٹاپ پر ہوناچاہئے تھا تو یہ ان کا حق بنتاہے ۔ ہم توجوکرتے ہیں پروسس کے ذریعے کرتے ہیں اور جو ہمارے سامنے ڈیٹا آتا ہے اس کے مطابق کرتے ہیں ۔یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنی ہی حکومت سے ناراض ہیں ‘انہوں نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کو وزرا کی کارکردگی اور تعریفی اسنادتقسیم کیے جانے پر لکھے گئے احتجاجی خط میں شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کی کارکردگی تسلیم نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔خط میں ان کا کہناتھاکہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کئے، دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف کامیابی سے حاصل کیے، وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیر التواء نہ رہے ۔