اسلام آباد (آن لائن) امریکی قونصل خانے کی شکایت پر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر 2 مرتبہ امریکی ویزا حاصل کرنے والے شخٰص کو گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے
رہائشی اعجاز چیمہ کو کراچی سے گرفتار کیا گیا، ملزم اعجاز چیمہ نے 2019 میں پہلا ویزہ حاصل کیا۔ بطور سینئیر رپورٹر اقوام متحدہ اجلاس کی کوریج بھی کی ۔ ملزم نے 2020 میں دوبارہ ویزے کے لیے درخواست دی۔ نجی چینل کا سینئر نیوز میڈیا کارسپنڈنٹ بن کر دوسری بار ویزا حاصل کیا۔ امریکی قونصل خانے کی جانب سے تحقیقات کی گئی ہیں ۔ نجی ٹی وی انتظامیہ نے ملزم کے پیش کردہ خطوط سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔ امریکی قونصل خانے نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون ون کو خط لکھا ہے ۔ خط کے ذریعے ملزم کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے ۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا۔