کابل(این این آئی)افغان صوبہ بادغیس کے صدرمقام قلعہ نو میں ایک جامع مسجد میں نمازجمعہ کے دوران بم دھماکہ میں کم از کم ایک افغان شہری جاں بحق جبکہ3 بچوں سمیت 15 دیگر زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے صوبائی سربراہ بازمحمدسروری کے مطابق بادغیس کے صدرمقام قلعہ نو میں ایک جامع مسجد کے مرکزی دروازہ کے باہر اْس وقت دھماکہ ہوگیا جب نمازی نمازجمعہ اداکرکے مسجد سے نکل رہے تھے جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شہری جاں بھق اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ سروری کے مطابق زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی ہسپتال کے سربراہ آصف قانت کے حوالے سے موصولہ اطلاع کے مطابق دھماکہ میں جاں بحق ایک شخص کی لاش اور 15 زخمیوں کو اب تک ہسپتال لایاگیا ہے۔بعض غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق دھماکہ مسجد کے بیرونی دروازے کے قریب نصب بم کے نتیجے میں ہوا۔فوری طورپر دھماکہ کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔