نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست کرناٹک کی ہائی کورٹ نے باحجاب مسلمان طالبات کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت (آج) بدھ کی دوپہر تک ملتوی کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے طلبہ سے امن و سکون برقرار رکھنے کی
اپیل کرتے ہوئے کہایکہ کیس کا فیصلہ جذبات کے بجائے قانون کے مطابق کریں گے، احتجاج کرنا، نعرے لگانا، طلبہ پر حملہ کرنا، طلبہ کا دوسروں پر حملہ کرنا یہ ٹھیک نہیں ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک ہائی کورٹ میں سماعت (آج) بدھ کی دوپہر دوبارہ شروع ہوگی۔ادھرکرناٹک کے وزیراعلیٰ نے طلبا کے احتجاج اور امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر تمام ہائی اسکول اورکالج 3 روز کے لیے بند کرنیکا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں باحجاب مسلم طالبات پر تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں، بعض کالجوں نے حجاب کیساتھ طالبات کو داخل ہونے سے روک دیا ہے۔حجاب کا تنازع سامنے آنے کے بعد کرناٹک کی ریاستی حکومت نے یونیورسٹیز اورکالجوں میں یونیفارم کو لازمی قرار دیا ہے جس کے بعد سے طالبات کالج کے باہر سراپا احتجاج ہیں۔