کراچی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پہلی میڈیکل رپورٹ حکومت نے بنائی جس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا نواز شریف چلنے پھرنے سے قاصر ہیں، اگر نواز شریف نے ٹھان لی کہ انہیں واپس آنا ہے تو وہ واپس آئیں گے،شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی،
سیاست میں دوریاں بھی آتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قربتیں بڑھیں۔ہفتہ کوکراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کراچی آیا ہوں، کشمیریوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 74 برس سے بھارت کی جرات نہیں تھی کہ وہ کشمیر کو اپنی ریاست ڈکلیئر کرتا لیکن اس حکومت میں ایسا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے پارلیمان کے اندر اور باہر ن لیگ نے فعال کردار ادا کیا، نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے پوری دنیا کو بتایا کہ بھارت کس طرح نہتے کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں اس حکومت نے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں دیا، صرف مسلم لیگ ن کے دور میں بجلی کے پروجیکٹس بنے، اس ملک میں موٹر وے صرف مسلم لیگ ن کے دور میں بنی، کراچی کی گرین لائن کو خود نواز شریف دیکھ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن سب سے اہم ہے، نواز شریف کے دور میں ایک ہی میز پر سب بیٹھتے تھے لوگ کہتے تھے کراچی میں امن قائم نہیں ہوگا لیکن اللہ تعالی کا شکر ہے کہ یہ کام ہم سے کروایا، نواز شریف نے کراچی میں آکر بیٹھ کر امن قائم کیا، چورچور کے نعرے سے امن قائم نہیں ہوتا جب کہ موجودہ حکومت نے لاہور کا امن بھی خراب کردیا۔عطا تارڑ نے کہاکہ یہ لوگ اب پرانا ہیلتھ کارڈ لے کر گھوم رہے ہیں، یہ بھی نواز شریف کے دور کی اسکیم تھی، پی ٹی آئی والے رنگ بازی کرتے ہیں، موجودہ حکومت نے عوام کو بڑے سبز باغ دکھائے تھے لیکن اب کبھی ایک بہانہ کرتے ہیں کبھی دوسرا بہانا کرتے ہیں اور اب انہوں نے کسان کو کھاد سے محروم کردیا۔