لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے احتجاجی لانگ مارچ کا
انضمام کرنے اور حکومت مخالف لائحہ عمل سے متعلق اہم گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے حالات دن بدن بگڑتے جارہے ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا، عوام حکومت کے کارناموں سے کب کی تنگ آچکی، عمران خان کی حکومت صرف جھوٹے دعوؤں، لارے لپوں کی حکومت ہے، ان سے حکومت سنبھل نہیں رہی کبھی کس کی تھالی میں دیکھتے ہیں کبھی کدھر، حکومت نے غریبوں کے پیسوں پر غریبوں پر بہت تجربے کرلئے لیکن ہر جگہ ناکامی کے ساتھ بے عزت ہوئے، بس اب غریبوں نے ہاتھ اٹھا لئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں جو تنگ آچکے ہیں۔مزید بتا گیا ہے کہ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر بھی گفتگو کی گئی جس کا وقت بعد میں طے کیا جائے گا۔