کراچی(این این آئی)تجارتی خسارے میں اضافے کا تسلسل جاری ہے دسمبرمیں پاکستان کو ایک ارب 93 کروڑ ڈالرز سے زائد کا تجارتی خسارہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کے
مطابق پاکستان کو رواں مالی سال دسمبر میں ایک ارب 93 کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا، نومبر میں یہ تجارتی خسارہ ایک ارب 89 کروڑ ڈالر تھا۔ماہرین کے مطابق تجارتی توازن ملک کی معیشت میں سب سے اہم ہے، بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے ملک میں ڈالر کی قدر 176 اور 177 روپے کے درمیان ہے۔درآمدات کے بڑھتے حجم کے باعث حکومت کو تجارتی خسارے سے نمٹنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مرکزی بینک کے مطابق دسمبر میں پاکستان کی درآمدات کا حجم 7 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا جب کہ گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان نے 5 ارب 79 کروڑ ڈالر مالیت کی اشیا درآمد کی تھیں۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ایک ماہ میں درآمدات کا حجم 30 فیصد زیادہ رہا ہے۔