مری (این این آئی)ملکہ کوہسار مری میں تقریباً ایک ہفتے بعد دھوپ نکل آئی، سیاحتی مقام کی تمام مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک بحال ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق مری کے بالائی علاقوں کی سڑکیں ٹریفک کیلئے بحال نہ ہوسکیں، دیہی علاقوں کی بجلی چوتھے روز بھی معطل رہی، شہری علاقوں کی رات گئے
بجلی بحال ہوگئی جبکہ سیاحتی مقام کی تمام مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک بحال ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق پائپ لائنوں میں پانی جم جانے سے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا رہا،مری اور گرد و نواح میں موبائل فون سروس بھی شدید متاثر ہوئی ،شہر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی۔گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان کے مطابق گلیات میں مرکزی شاہراہ سے برف ہٹانے کا آپریشن اتوار کو بھی جاری رہا ۔جی ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ برف ہٹانے کا آپریشن گزشتہ رات بھر جاری رہا، جس کے دوران ایبٹ آباد سے نتھیا گلی اور نتھیا گلی سے باڑیاں تک شاہراہ سے برف ہٹا دی گئی۔ترجمان جی ڈی اے نے بتایا کہ مرکزی شاہراہ پر نمک کے چھڑکائوکے بعد سیاحوں کو روانہ کیا گیا گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاحوں کا گلیات میں داخلہ تا حکمِ ثانی بند رہے گا۔