اسلام آباد(این این آئی)ایف آئی اے نے سادہ لوح افراد کی قابل اعتراض ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم
اسلام آباد نے ایک کارروائی میں کالے جادو کا توڑ کرنے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پراپ لوڈ کرنے والا جعلی پیر بابا رفیع اللہ گرفتار کرلیا ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق جعلی پیر رفیع اللہ خود کو پیر اور گنیش بابا ظاہر کرتا تھا، جعلی پیر نے اپنی تشہیر کے لئے انسٹاگرام پر بلیک میجیک (کالے جادو) کے نام سے اکائونٹ اور پیج بنا رکھا تھا، اور اسی پیج اور اکاؤنٹ کے ذریعے سادہ لوح افراد کو کالے جادو کا توڑ کرانے کے لیے جال میں پھنساتا تھا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ جعلی پیر نے شکایت کنندہ کو بھی جھانسہ دے کر اس کی تصاویر قابل اعتراض ویڈیوز بنائیں اور انسٹا گرام پو لوڈ کردیں، ایف آئی اے سائبر کرائم نے جعلی پیر کے خلاف کارروائی کی، جس میں جعلی پیر سے متعدد قابل اعتراض ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔