واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے افغانستان کی خواتین کے حقوق کے دفاع کے لیے افغان نڑاد امریکی اسکالر کو نمائندہ خصوصی مقرر کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے
اعلان کیا کہ افغان نژاد امریکی اسکالر رینا امیری افغان خواتین، لڑکیوں اور انسانی حقوق کے لیے نمائندہ خصوصی ہوں گی۔رینا امیری نے سابق صدر باراک اوباما کے دور میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دی ہیں۔بلنکن نے کہا کہ ریناامیری سنجیدہ مسائل پر مجھے اور صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں کو آگاہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، جہاں تمام افغان رہ سکیں اور سیاسی، معاشی اور سماجی اشتراک ہو۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ ریناامیری کے پاس دو دہائیوں کی مہارت اور تجربہ ہے جو افغانستان کو مزید پرامن، مستحکم اور محفوظ بنانے کے ہمارے اہم کام کوجلا بخشیں گی۔