لاہور( این این آئی)سینئر اداکارقوی خان نے کہا ہے کہ ڈراموں کے اسکرپٹ کامعاشرے پر گہرا اثرہوتا ہے اس لئے لکھنے والوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انتہائی احتیاط کریں ، یہ قطعی ضروری نہیں فلم یا ڈرامے کوکامیاب کرانے کیلئے وہ چیزیں شامل کی جائیں جس
کی ہماری ثقافت اجازت نہیں دیتی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جو یہ کہتا ہے کہ بارہ مصالحوں کے بغیر فلم یا ڈرامہ کامیاب نہیں ہوتا تو وہ اپنی اصلاح کے لئے ماضی کی فلم انڈسٹری اور ٹی وی ڈرامے کوکھنگال لے اسے ڈھونڈنے سے بھی ایسی کوئی چیز نہیں ملے گی لیکن ماضی کی فلمیں او رڈراموں کے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔ قوی خان نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ انٹرٹینمنٹ سے زیادہ اصلاح کا کام دیتا ہے اس لئے ہمیں اسی تناظر میں اپنی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ۔ ہر معاشرے میں اچھائی اور برائی کا عنصر ہوتا ہے لیکن کیا یہ ضروری ہے کہ ہم برائی کوایسی صورت میں پیش کریں جس سے وہ فروغ پائے حالانکہ ہم اس کی نشاندہی کر کے اصلاح کافریضہ بھی تو سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی سے آن ائیر ڈرامہ ’ ’ پریم گلی ‘ ‘ دیکھا جائے جس میں گلی محلے کی سطح کی رواداری اورایک دوسرے سے چاہت کو موضوع بنایا گیا ہے اور ہمیں اپنے ایسے ہی ڈرامے بنانا چاہئیں۔