کراچی (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل سے نکالنے کی انکوائری شروع کردی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات علم ہوا کہ کھلاڑیوں کو باہر نکال دیا گیا ہے تو افسوس ہوا، تحقیقات کررہے ہیں کھلاڑیوں کو ہوٹل سے کیوں نکالا گیا۔رمیز راجا نے کہا کہ پی سی بی کے بے شمار پلانز ہیں، پلانز پر عمل درآمد کیلئے کمرشل مضبوطی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اسٹیڈیم کے اطراف خالی جگہ پر کلب ہاؤس اور فائیو اسٹار ہوٹل بنانا چاہتے ہیں، 11 سال کے بچے کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے پر بھی کام کرنا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ہمارے سٹیڈیمز کی نشستیں اور گیلریاں اچھی نہیں ہیں، وہاں ایسی کوئی چیز نہیں جو سپانسرز کو راغب کر سکے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025ء کیلئے اسلام آباد میں ایک نیا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔