حیدرآباد(این این آئی)پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر و کپتان جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ ہمارے دو رمیں کرکٹ میں سٹہ بازی نہیں تھی اب ہمارے نوجوان کھلاڑی اس طرف لگ گئے ہیں وہ سوچتے ہیں کہ جو کمانا ہے ابھی کمالو آگے پتہ نہیں کیا ہو، پہلے آنے و الی ٹیموں کے لئے سیکورٹی کے مسائل نہیں ہوا کرتے تھے اب سیکورٹی کے مسائل زیادہ ہیں، اگر کسی بھی جگہ کو اچھا کرنا ہے
تو لوگوں کو باشعور ہونا چاہئے، کھیل برائیوں سے بچاتی ہے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مایہ ناز کرکٹر جاوید میاںداد نے کہا کہ پہلے کھیلوں کی مختلف بینک اور ادارے سرپرستی کرتے تھے ان میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو تنخواہیں دی جاتی تھیں جس سے وہ معاشی فکروں سے آزاد ہوکر کھیلوں پر توجہ دیتے تھے لیکن اب یہ سسٹم بند کردیا گیا ہے جو ٹھیک نہیں ہوا، انہوں نے کہاکہ ہمارے دو رمیں کرکٹ میں سٹہ بازی نہیں تھی اب ہمارے نوجوان کھلاڑی اس طرف لگ گئے ہیں کیونکہ وہ سوچتے ہیں کہ جو کمانا ہے ابھی کمالو آگے پتہ نہیں کیا ہو، انہوں نے کہاکہ بچوں کو کوئی نہ کوئی کھیل ضروری کھلوائیں تاکہ وہ جسمانی طورپر فٹ رہیںاور ان کے اندر نظم وضبط پیدا ہو، بچوں کو کرکٹ کھیلنا چاہئے تاکہ وہ بری عادتوں سے بچ سکیں، انہوں نے کہاکہ ایگر ممالک میں کرکٹ کے حوالے سے اس لئے بہتری ہے کہ ان میں نظم وضبط ہے، وہاں ہر آدمی اپنی ذمہ داری کا احساس رکھتا ہے، وہ قانون پر چلتے ہیں قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتے، ان کا قانون بہت سخت ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے اپنے گھر، صوبے اور ملک کو اچھا کرنا ہے تو اپنے کھلاڑیوں اور لوگوں میں شعور پیدا کریں، اگر عوام ذمہ داری محسوس نہیں کریں گے تو گھر کا نظام بھی خراب ہوجاتا ہے، سب سے پہلے اپنے آپ کو اچھا کرنا ہوگا۔