لاہور( این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے دعوی کیاہے کہ نوازشریف اب پیچھے چلے جائیں گے اور فیملی کا نیا شخص لانچ کیا جا رہا ہے،پتہ نہیں مریم نواز کے کیسز میں وکلا ء کی زیادہ بیماریاں کیوں ہو رہی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے
شہبازگل نے کہا کہ پرپارٹی اپنی پالیسی کے مطابق آگے بڑھتی ہے خیبرپختونخواہ سے متعلق فیصلے خیبر پختوانخواہ حکومت نے کیے ہوں گے ،وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے آئندہ بلدیاتی امیدواروں کاانتخاب خود کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں شکست یقیناپریشانی کی بات ہے، عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ ورکرز کو ٹکٹ دینے کی زیادہ کوشش کریں ،عمران خان نے کہاکہ بھائی بھتیجے کو ٹکٹ دینے کے بجائے ورکرز کو ٹکٹ دیں ،جب بھی وزیراعظم عمران خان کے وژن سے ہٹیں گے نقصان ہوگا۔معاون خصوصی نے واضح کیا کہ وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات کی کوئی تحقیقاتی رپورٹ نہیں جمع کرائی گئی خبردرست نہیں ،وزیراعظم عمران خان براہ راست عوام سے رابطے میں ہوتے ہیں ، تحمل رکھیں ہم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں دہراتے نہیں۔