لاہور (آن لائن )وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں بڑے بھائی کی طرح آپ بھی ‘‘سرخرو’’ ہیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ کرپشن اور چوری میں بڑے بھائی کی طرح آپ بھی ‘‘سرخرو’’ ہیں
، اربوں روپے کی چوری پکڑے جانے کے باوجود ‘‘ایک دھیلے’’ کی کرپشن کی گردان لگانے والے شرم کریں۔انہوں نے کہا کہ 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے والے معیشت پر لیکچر دینا بند کریں، منی لانڈرنگ اور چوری کرنے والے ہی معیشت کو ڈبونے والے ہیں۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہلوں کو نہ عوام سے مطلب ہے نہ مہنگائی سے، ااہل شریف کی ایک ہی منشائ ہے کہ ان سے کرپشن کا سوال نہ پوچھا جائے۔انکا کہنا تھا کہ 40 سال تک ملک کو لوٹنے والوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، پچھلے کچھ دن پاکستان کیلئے کامیابی جبکہ منافقین کیلئے ناکامی و مایوسی کے تھے۔شہباز گل نے کہا کہ 41 سال بعد پاکستان کی سربراہی میں او آئی سی کا اجلاس منعقد ہوا، خیبرپختونخوا میں شفاف بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے اختیارات کی منتقلی کا وعدہ پورا کیا جب کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان عالم اسلام کی سربراہی کر رہا ہیں۔