اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری بولر اور سابق بولنگ کوچ وقار یونس سمیت دیگر کرکٹرز نے ہسپتال میں زیر علاج عابد علی کیلئے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔وقار یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عابد علی کی ایک تصویر شیئر کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔سابق بولنگ کوچ نے لکھا کہ ہم عابد علی کو لیجنڈ کسی وجہ سے ہی کہتے ہیں،
انشا اللّٰہ آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے عابد علی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وقار یونس کے ساتھ کامران اکمل، سعید اجمل نے بھی عابد علی کی جلد صحتیابی کے حوالے سے پیغامات جاری کیے ہیں۔خیال رہے کہ قومی کرکٹر عابد علی کی انجیو پلاسٹی کی گئی اور اْن کے دل کی شریان میں ایک اسٹنٹ ڈال دیا گیا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف شاندار بیٹنگ کی تھی۔عابد علی نے دو ٹیسٹ میچوں کی تین اننگز میں بالترتیب 133، 91 اور 39 رنز بنائے تھے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عابد علی کو بنگلادیش کے خلاف شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈاکٹرز نے ایسی حالت میں ان کے کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دیدیا۔کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں عابد علی کو سینے اور بائیں ہاتھ میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس پر انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔نجی ہسپتال میں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے اور ایک بلاک وین کو کھول دیا گیا ہے۔عابد علی کی بلاک وین میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے ،نجی ٹی وی کے مطابق دوبارہ انجیوپلاسٹی کے بعد دوسرا اسٹنٹ ڈالا جائے گا،انھیں ڈاکٹرز نے 2 ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اور دو ماہ بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے عابد علی کے 2 وینز بلاکیج کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دیدیا ۔