لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزارت داخلہ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ریونیو سٹاف کی ملی بھگت سے وفاقی دارالحکومت سمیت تمام صوبوں میں جعلی قومی شناختی کارڈوں پر غیر ملکیوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں۔
روزنامہ جنگ میں آصف محمود کی شائع خبر کے مطابق خفیہ اداروں کی طرف سے ملنے والی رپورٹ کے بعد وزارت داخلہ نےتمام صوبائی حکومتوں کو احکامات جاری کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تمام پراپرٹی کاغذات کی چھان بین کرکے پتہ چلایا جائے کہ کونسی ٹرانزیکشن مشکوک ہیں۔ دستاویزات کے مطابق نادرا نے غیر ملکیوں کی طرف سے بنوائے گئے جعلی شناختی کارڈوں کی شناخت کرکے صوبائی حکومتوں کو مطلع کیا ہے تاکہ پتہ چلایا جاسکے ان شناختی کارڈز کو استعمال کرکے کن افراد نے جائیدادیں خریدی ہیں۔ اسلام آباد انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بھی پوچھا گیا ہے کہ ان جعلی شناختی کارڈوں پر پچھلے چند سالوں میں وفاقی دارالحکومت میں کتنی جائیدادیں خریدی گئی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور خاص طور پر پنجاب میں اسلحے کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔