پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس بلور کے صاحبزادے غضنفر بلور پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اے این پی رہنما سینیٹر الیاس بلور کے صاحبزادے غضنفر بلور نے وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان سے ملاقات کی اور
عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔غضنفر بلور مرحوم بشیر بلور اور سابق وفاقی وزیر غلام بلور کے بھتیجے ہیں۔دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور نے غضنفربلور کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غضنفر بلور کا فیصلہ انفرادی ہے، بلورخاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں،بلورخاندان روز اول کی طرح آج بھی عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ ہے اور رہیں گے۔غضنفر کے فیصلے نے پورے بلور خاندان کی عزت کو نقصان پہنچایا، اس فیصلے پر ایک دن پچھتاوا ہوگا۔ حاجی غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ الیاس بلور سیاست میں نہ ہونے کے باوجود کئی مہینے جیل میں رہا لیکن نہ جھکا ، نہ بکا اور خاندان کی عزت کی لاج رکھی۔چار دہائیوں تک مشکلات اور حالات کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، چاروں بھائیوں نے کبھی کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا۔اپنی پارٹی کیلئے تین جانوں کی قربانیاں دی لیکن اس قسم کے فیصلے کبھی نہیں
کئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید، شبیربلور شہید جیسی قربانیوں کی مثال پاکستان میں نہیں ملے گی۔غضنفر بلور کا یہ قدم انتہائی افسوسناک ہے، ایک دن اسے ضرور پچھتاوا ہوگا۔انگریزوں کا محاورہ ہے کہ کسی سے توقعات نہ رکھیں تو آپ خفا بھی نہیں ہوں گے۔