کراچی (این این آئی)آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کو ایک اور اعزاز مل گیا ہے۔برطانوی انسانی حقوق کی تنظیم ’دی پیپلز پورٹفولیو‘ نے شرمین عبید چنائے کو اپنی دستاویزی فلموں کے ذریعے متاثر کن قیادت، اور انسانوں کیلئے بڑی ہمت کا مظاہرہ کرنے
پرایوارڈ دیا ہے۔ اس برطانوی تنظیم کی بنیاد افلاطون نے رکھی ہے جو ایک مشہور برطانوی پورٹریٹ اور دستاویزی فوٹوگرافر ہیں۔ تنظیم کا بنیادی مقصد معاشرے میں موجود کسی بھی قسم کی رکاوٹوں اور امتیازی سلوک کے خلاف تخلیقی انداز میں آواز اٹھانا اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی حمایت کیلئے عام لوگوں کے ساتھ شامل ہونا ہے۔یہ تنظیم مستقبل کے کام اور انسانوں سے متعلق دیگر منصوبوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے فنڈ جمع کرنے کی ایک مہم کا اہتمام کرتی ہے اور ہر سال اس تنظیم کی جانب سے انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے غیر معمولی کام کرنے والی کسی بھی شخصیت کواعزاز سے بھی نوازا جاتا ہے۔ اس بار ’دی پیپلز پورٹفولیو‘ نے پاکستانی فلمساز شرمین عبید کو پاکستان میں خواتین کے مسائل اور ان کے حقوق کے حوالے سے بنائی گئی دستاویزی فلموں کی ہدایت کاری پر ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔