اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کی بندش اور احتجاج کے معاملے پر وزارت تعلیم نے33ماڈل کالجز کو وفاقی نظامت تعلیمات سے نکالنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے جبکہ جوائنٹ ٹیچنگ ایکشن کمیٹی نے آج بروز جمعرات سے تمام تعلیمی اداروں
میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم آرڈیننس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں کالی پٹیاں باندھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔گزشتہ روز جوائنٹ ٹیچنگ ایکشن کمیٹی اور وزارت تعلیم وتربیت کے اعلیٰ حکام کے مابین ایک اہم اجلاس ہوا جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزارت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔تفصیلی بات چیت کے بعد وزارت تعلیم وتربیت نے اپنے22نومبرکو33 ماڈل کالجز کو وفاقی نظامت تعلیمات سے نکالنے کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ٹیچنگ و دیگر سٹاف کے تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے آرڈیننس لایا جائے گا جس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تعلیمی اداروں سے بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے احتجاج کو اداروں کے اندر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولا کے مطابق بچوں کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے احتجاج کو کالی پٹیاں باندھ کر جاری رکھا جائے۔