پشاور(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں سستا ترین ملک ہے، کبھی نہیں کہا ملک کو ایشین ٹائیگر بنائینگے ،ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی اورسہولیات فراہم کرنا ہوں گی،موسم سرما کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم ہوجائیں گی، ہماری آمدن ،ٹیکس اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے، ہم صنعتوں کی بحالی کی طرف گامزن ہیں،
گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں لوگوں کوصحت کارڈ ملے گا۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ غریب اورسفید پوش دونوں کیلئے ہے، ہمیں کہا گیا کہ کدھر ہے نیاخیبرپختونخوا؟، جب ہم حکومت میں آئے تب کے پی دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر تھا اور بہت خوف تھا، ہم نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتربنایا اور غربت کو تیزی سے کم کیا، ہمارانصب العین پاکستان کو فلاحی ریاست بناناہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا سب سے سستا ملک ہے اور یہاں دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی نہیں ہے ، ہم دنیا میں سب سے کم قیمت پر پٹرول اور ڈیزل بیچ رہے ہیں، موسم سرما کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم ہوجائیں گی، ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی لانی اورانہیں سہولیات فراہم کرنی ہوں گی، ہم لوگوں کو تکنیکی تعلیم اورہنر سکھائیں گے، مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکھٹا ہوتاہے وہ ماضی میں لیے گئے قرض کی ادائیگی پر جاتاہے، قرض کی مد میں ادائیگی نہ کرنی ہوتی تو ہم مزید اچھے فلاحی کام کرسکتے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری آمدن ،ٹیکس اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے، ہم صنعتوں کی بحالی کی طرف گامزن ہیں، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں لوگوں کوصحت کارڈ ملے گا،
جو غریب اورسفید پوش دونوں کے لیے ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب سیاست شروع کی اور پارٹی بنائی تو مقصد فلاحی ریاست بنانا تھا جیسا کہ ریاست مدینہ فلاحی ریاست تھی۔انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں کہا کہ ملک کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے بلکہ ہمیشہ سوچا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا مقصد تھا۔وزیر
اعظم نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں پہلے اتحادی حکومت تھی پھر تنہا حکومت بنائی، لوگ حیران ہوئے کہ کیسے جیت گئے، خیبر پختونخوا کے لوگ زیادہ باشعور ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم نے پروگرام کا افتتاح کیا جس کے تحت خیبر پختونخوا کے 75 لاکھ خاندانوں کو 10 لاکھ روپے تک علاج کی مفت صحت سہولیات حاصل ہوں گی۔