سیالکوٹ (این این آئی)پنجاب پولیس نے 49 سالہ سری لنکن مینیجر پریانتھا کمارا کو مارنے والے مزید 7 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا جس کے بعد مجموعی طور پر گرفتار افراد کی تعداد 131 ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق فیکٹری ورکرز سمیت سیکڑوں افراد کے ایک مشتعل ہجوم
نے 3 دسمبر کو پریانتھا کمارا کو مار دیا تھا،گزشتہ تین روز میں پولیس متعدد افراد کو حراست میں لے چکی ہے، مشتبہ افراد میں وہ شخص بھی شامل ہے جو مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا اور ساتھ ہی وہ لوگ بھی جنہوں نے تشدد کیا اور دوسروں کو اکسایا۔پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ گرفتار کیے گئے 131 افراد میں سے 26 نے بہیمانہ قتل میں ‘مرکزی کردار ادا کیا۔ سری لنکن شہری کی میت کی بے حرمتی کرنے والا مرکزی ملزم امتیاز عرف بلی بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو راولپنڈی جانے کی کوشش کر رہا تھا، بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مسلسل تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں اور سیکریٹری پروسیکیوشن کو کیس کی پروسیکیوشن کا کام سونپا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔