لاہور( این این آئی)سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکن شہری پریانتھا دیاوادنا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان نے کہا ہے کہ انسانیت کے ناطے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کی تھی جو ہر انسان کو
کرنا چاہیے ، ذہن میں یہ بات بھی تھی کہ واقعہ سے کہی ملک کا امیج خراب نہ ہو اس لئے بھی جان کی بازی لگادی۔نجی وی سے گفتگوکرتے ہوئے ملک عدنان نے کہا کہ ایک میٹنگ میں تھا کہ مجھے اطلاع ملی کہ پریانتھا صاحب نے کسی بات پر ورکرز کو ڈانٹا ہے جس پر لوگ ان کے آفس کے باہر جمع ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تین بندے واقعہ سے پہلے ان کے آفس کے باہر سیڑھیوں پر کھڑے ہوگئے مگر لوگ زیادہ تھے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پریانتھا صاحب آفس سے باہر آگئے اورآفس کے باہر جمع لوگوں نے ان کو پکڑ کر مارنا شروع کیا۔ملک عدنان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ تمعہ شجاعت کے اعلان پر وزیراعظم کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے اقدام کو مثبت طور پر پیش کرکے دنیا تک پہنچایا۔