اسلام آباد (مانیٹرنگ، آن لائن) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی، برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 72.72 ڈالرفی بیرل ہوگئی۔ ڈبلیوٹی آئی آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 68 ڈالرفی بیرل کی سطح پرآگئی۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات
کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ کا آغازکردیا۔ مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر یقینی طور پر درآمدات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا، ان کاکہنا تھا کہ پاکستان پر اللہ مہربان ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات 15 دسمبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظر آئیں گے، دوسری جانب اوگراذرائع کا کہنا ہے کہ یکم دسمبرسے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کا کوئی جوازنہیں۔ تمام ترٹیکسز وصول کرنے کے باوجود قیمتوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔ اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 29 نومبرکوبھجوائیگا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان یکم دسمبرکوکیاجائیگا۔