اسلام آباد /کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ(این این آئی)پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کے باعث بیشتر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہری رل گئے تاہم بعض سرکاری اور نجی پمپس پر پیٹرول کی فراہمی جاری رہی جبکہ ڈیلرز نے منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان
کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اْن کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ کے مطابق حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیئے اس لیئے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ترجمان وزارتِ پیٹرولیم نے کہا کہ ملک بھر میں پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے تمام پیٹرول پمپ کھلے رہے ،انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی فراہمی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔کراچی میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث شہر میں پیٹرول پمپس پر ملا جلا رجحان پایا گیا، شاہراہِ فیصل اور صدر کے علاقے میں کچھ پیٹرول پمپس بند اور کچھ کھلے رہے۔گزشتہ روز سے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش رہا ، لوگوں نے رات گئے پیٹرول پمپس پر لائن میں لگ کر
پیٹرول بھروایا۔کراچی میں اکثر پیٹرول پمپس بندہے ، جو پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ر ہیں، گاڑی، موٹر سائیکل کے ساتھ شہری بوتلوں میں بھی پیٹرول بھر کر لے جاتے رہے ،بعض ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں کہ دودھ سپلائی کی بالٹیوں میں بھی لوگوں نے پیٹرول بھر وا کر ذخیرہ کر لیا۔لوگوں کے رش، ٹنکیاں فل کرانے اور مختلف کینز
وغیرہ میں ذخیرہ کرنے کے باعث اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرول ہی ختم ہو گیا جس کی وجہ سے بھی بیشتر پیٹرول پمپ بند ہو گئے۔کچھ شہری تو کلفٹن سے پیٹرول ڈھونڈتے ڈھونڈتے لیاقت آباد پہنچے مگر پیٹرول نہیں ملا اور جو پیٹرول تھا اس سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گیا۔بعض شہری رکشے وغیرہ سے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں ٹو کروا کر گھر اور منزل پر پہنچے،
پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو بہت پریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ناجائز منافع خور پیٹرول من پسند قیمت پر فروخت کر کے خوب پیسے بٹور تے رہے ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے جڑواں شہر راولپنڈی کے بیشتر پیٹرول پمپس بند رہے۔پشاور میں بھی پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجاً پیٹرول
پمپس بند رہے، ایسو سی ایشن کے مطابق مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ،سرگودھا میں بھی پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی گئی ہے۔سرگودھا کے پیٹرول پمپس مالکان نے مطالبہ کیا کہ حکومتی وعدے کے مطابق ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک بڑھایا جائے۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ندیم خان
کے مطابق گوجرانوالہ میں ہڑتال غیر معینہ مدت کیلیے ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ادھر کراچی سمیت ملک میں کہیں کہیں پیٹرول پمپ کھلے رہے اور ان پر پیٹرول دستیاب رہا، اس حوالے سے پیٹرولیم کمپنیوں نے فہرست جاری کی گئی ،پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور شیل کی جانب سے ملک بھر میں کمپنی کی زیرِ ملکیت
کھولے گئے پیٹرول پمپس کی فہرست جاری کی گئی ہے۔پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق اس کے کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے رہے۔پی ایس او کی فہرست کے مطابق کراچی میں کلفٹن روڈ، عبداللّٰہ شاہ غازیکے مزار کے قریب، خیابانِ اتحاد، کورنگی، مین کورنگی روڈ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور
کے ڈی اے ورکشاپ شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپ کھلے رہے جہاں پیٹرول دستیاب رہا۔شیل کی جانب سے بھی شہرِ قائد میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے رہے ،شیل کی جاری کی گئی فہرست کے مطابق کراچی میں عسکری مین راشد منہاس روڈ، ایم اے جناح روڈ، خیابانِ بحریہ ڈیفنس فیز 5، سن سیٹ بلیوارڈ ڈیفنس فیز 2، کلفٹن بلاک 8، مین سپر ہائی وے گیٹ اور شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب رہا۔