اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی )حکومت نے بھی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر
شبلی فراز نے کہا کہ عدالت کو خود چاہیے کہ اگر ان کے کسی برادر جج کے بارے میں کوئی ایسی بات ہوئی ہے تو وہ سو موٹو نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کا اپنا وقار ہے، ہر ادارے کو اپنی ساکھ کا تحفظ کرنا ہوتا ہے، ہمیں نہ نیب کی ذمے داری اٹھانے کی ضرورت ہے نہ عدالتوں کی۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیک کو چیلنج کرنا چاہیے۔ایک بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار کی آڈیو، ویڈیو لیک جیسے معاملات اداروں پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قبل از وقت عام انتخابات کراتے ہیں تو پارٹی اس کے لیے تیار ہے۔