لاہور(این این آئی)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کی کرونا ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کے حوالے سے تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
ہسپتال ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق ویکسی نیشن اندراج کرانے والاشخص بیرون ملک مقیم ہے جس نے نوازشریف کا شناختی کارڈ نمبر واٹس ایپ پر بھیج کر اندراج کرایا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق نوید نامی شخص نے ہسپتال ملازم عادل کو شناختی کارڈ نمبر بھیجا اور والد کی بیماری کا کہہ کر ویکسین کا اندراج کرایا۔ ذرائع کے مطابق شناختی کارڈ کی تفصیلات چیک کئے بغیرملازمین نے اندراج کیا، نوید نامی شخص کچھ عرصہ قبل لاہور میں مقیم تھا۔ذرائع کے مطابق نوید نے مقامی ہسپتال میں جان پہچان اور ذاتی تعلقات کو استعمال کر کے کرونا ویکسین کا اندراج کروایا اور والد کا نام نوازشریف کے شناختی کارڈ پر درج کروایا۔