لندن (آن لائن) برطانوی وزیراعظم بورس جونسن انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر کے نام پر دورہ پاکستان سے انکار کیے جانے پر انتہائی ناخوش ہیں۔
برطانوی ٹائمز اخبار کے مطابق بورس جونسن اور ان کی کابینہ کے سینئر ارکان کا خیال ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم ہاؤس اور کلچرل منسٹری سے مشورہ مانگا تھا تاہم دورہ پاکستان سے انکار کرکے یکطرفہ سنایا جس کے باعث پاکستان اور برطانوی حکومتوں کے مابین تعلقات خراب ہوئے ہیں۔برطانوی حکومت اپنے بورڈ کے اس فیصلے ناراض اور وزرا شدید برہم ہیں، اخبار کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد برطانوی حکومت کے لیے رواں سال کے آخر میں ایشز سیریز کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کرسچن ٹرنر نے بھی واضح کیا تھا کہ پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا، اس فیصلے سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔