اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کردیا، تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس2021 کی مد میں کیا گیا، تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کردیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس2021 کی مد میں کیا گیا، تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔بیرون ملک تعیناتی کے دوران ایڈہاک ریلیف کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وفاقی سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دے دی تھی۔ وفاقی ملازمین کے کرایوں میں اضافے سے متعلق وزیراعظم ہاؤس نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 22 تک کے وفاقی سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ کرایوں میں اضافہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں تعینات ملازمین کے لیے ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سرکاری ملازمین کو اچھی خبر یہ سنائی گئی تھی کہ انہیں 25 فیصد اسپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔محکمہ خزانہ کی جانب سے سرکاری ملازمین کو 25 فیصد الاؤنس دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین اور افسران کو 25 فی صد سپیشل الاؤنس ستمبر کی تنخواہ میں ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سیکرٹری خزانہ افتخارعلی سہو نے کہا کہ یہ الاؤنس ان ملازمین اور افسران کو ملے گا جنہیں پہلے کوئی اضافی الاؤنس نہیں ملتا، تمام ملازمین اور افسران کو یکم جون سے یہ سپیشل الاؤنس بقایا جات کے ساتھ ملے گا۔