اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام اہمیت کا حامل ہے، افغانستان کو انسانی امداد کی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے ،عالمی برادری کو افغانستان پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہئے اور اہم موڑ پرافغان عوام کو تنہاء نہیں چھوڑنا چاہئے، روس اور پاکستان کے
درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، روس کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری اور توانائی کے تعاون کو مضبوط کرنا سنگ میل ہے ۔منگل کو وزیر اعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال ، دوطرفہ تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو انسانی امداد کی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہئے اور اس اہم موڑ پرافغان عوام کو تنہاء نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان کی ابتر صورتحال پر قریبی رابطہ اور مشاورت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روس کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری اور توانائی کے تعاون کو مضبوط کرنا سنگ میل ہے ۔وزیراعظم نے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے حکومتی عزم کی بھی تصدیق کی۔وزیراعظم نے صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا جبکہ روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت کا اعادہ کیا ۔دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔