کابل ،سڈنی، دبئی ( آن لائن) افغانستان میں طالبان نے خواتین کے کرکٹ اور دیگر اسپورٹس کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔طالبان کے ترجمان احمد اللہ واثق نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان افغانستان میں خواتین کے کرکٹ اور
دیگر اسپورٹس کھیلنے پر پابندی عائد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ اس سے بے پردگی ہوتی ہے ،اسلام ایسے کسی لباس کی اجازت نہیں دیتا جس سے جسم نمایاں ہو۔دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی افغان خواتین ٹیم کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ دیدیا۔آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے افغان خواتین کے کھیلوں پر پابندی کی رپورٹس آرہی ہیں ،ان رپورٹس حقیقت پر مبنی ہیں تو افغانستان کے ساتھ طے شدہ ہوبارٹ ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیں گے، ویمن کرکٹ کی دنیا بھر میں ترقی کرکٹ آسٹریلیا کے لیے بڑی اہم ہے،ہمارا کرکٹ کے لیے ویژن یہی ہے کہ خواتین کی ہر سطح پر سپورٹ کی جائے۔علاوہ ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان میں خواتین کرکٹ کی اجازت نہ ملنے کی اطلاعات پر تشویش کااظہار کیا ہے ۔ترجمان آئی سی سی نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان میں تبدیل ہوتی صورتِ حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔افغانستان میں خواتین کی کرکٹ پر پابندی پر کونسل کی اگلی میٹنگ میں بات ہو گی۔



















































