اسلام آباد (این این آئی)امریکی بلاگر وفلم میکر سنتھیا ڈی رچی نے جلد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ساتھ کام کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سنتھیا رچی نے 30 اگست کو پی ٹی وی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے
سرکاری ٹی وی کو جوائن کرلیا تاہم بعد ازاں پی ٹی وی نے مذکورہ ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کردیاجس سے کئی لوگ پریشان دکھائی دیے۔پی ٹی وی نیوز کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے 30 اگست کو سنتھیا رچی کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ امریکی بلاگر پی ٹی وی ورلڈ کے لیے پروگرام کریں گی۔مختصر ٹوئٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ سنتھیا رچی کس طرح کا پروگرام کریں گی، تاہم تصدیق کی گئی تھی کہ وہ پی ٹی وی ورلڈ کا حصہ بن گئی ہیں۔امریکی بلاگر نے پی ٹی وی نیوز کی مذکورہ ٹوئٹس کو شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ وہ ریاستی ٹی وی کا حصہ بنیں تاہم لوگوں کی تنقید کے بعد پی ٹی وی نے سنتھیا رچی سے متعلق ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کردیا، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید سرکاری ٹیلی وژن نے امریکی بلاگر کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ مؤخر کرلیا اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔