مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)مسجد اقصی کے امام اور خطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے امریکی انٹیلی جنس کے اہلکاروں پر مشتمل وفد کی مسجد اقصی میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے اورکہاہے کہ امریکی وفد کا
صہیونی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصی پر دھاوا خطرناک اور صہیونی ریاست کے جرائم کی تائید کے مترادف ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ امریکی سیکیورٹی اہلکاروں کے وفد کا مسجد اقصی پر دھاوا اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا مسجد اقصی کے معاملے میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار امریکی عہدیداروں کو مسجد اقصی کے بجائے جبل ہیکل کی اصطلاح سنی ہے۔ یہ اصطلاح امریکیوں اور صہیونیوں کا صریح بہتان ہے۔ اس کا مقصد صرف مسجد اقصی کی بے حرمتی کا جواز فراہم کرنا اور مقدس مقام کی حرمت کو پامال کرنا ہے۔الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ مسجد اقصی میں اسرائیلی آباد کاروں کے ساتھ امریکی وفد کا دھاوا اپنے نتائج کے اعتبار سے انتہائی خطرناک پیش رفت اور اسرئیل کو قبلہ اول کے حوالے سے انتہا پسندانہ سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے میں ان کی مدد کے مترادف ہے۔ امریکی وفد کے دھاوے سے صہیونی ریاست کو قبلہ اول کی بے حرمتی کے لیے ایک نیا حوصلہ ملے گا۔